منگلورو،8؍ اکتوبر (ایس او نیوز) کاور پولیس اسٹیشن کے حدود میں ایک شخص پر حملہ اور اس کے بدلہ میں قتل کی کوشش کرنے کے دو واقعات پیش آئے تھے جس پر کارروائی کرتے ہوئے پولیس نے سات لوگوں کو گرفتار کرلیا ہے۔
اطلاع کے مطابق شہر کے مضافات موڈو شیڈے میں اشفاق نامی ایک نوجوان پر ہندوتوا تنظیم کے ویویکا نندا اور دیگر لوگوں نے اس لئے حملہ کیا تھا کیونکہ اس نے اپنی گاڑی پر کانگریسی لیڈر متھن رائے کا پوسٹر لگا رکھا تھا۔ اس کے جواب میں مبینہ طور پر عمران، رضوان، رمیض، مصفطیٰ، شاہ رخ اور اشفاق نے ویویکانندا کو گھیر کر تلواروں سے حملہ کرتے ہوئے اسے قتل کرنے کی کوشش کی ۔ ویویکانندا کسی طرح اپنی جان بچا کر بھاگنے اور قریبی دکان میں گھس کر پناہ لینے میں کامیاب ہوگیا تھا ۔
اس منظر کی ویڈیو کلپ سوشیل میڈیا پر وائرل ہوجانے کے بعد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے اقدام قتل کے الزام میں پانچوں ملزمین کو گرفتار کرلیا ۔ اسی طرح اشفاق پر کیا گیا حملہ قریبی سی سی ٹی وی پر ریکارڈ ہوگیا تھا اس بنیاد پر پولیس نے اشفاق پر حملہ کرنے کے الزام میں موڈوشیڈے کے رہنے والے منوج اور ویریش کو بھی گرفتار کیا ہے۔